Sports

6/recent/ticker-posts

کرسٹیانو رونالڈو : اپنے دور کا بہترین کھلاڑی

'بڑے میچوں میں وہ ہمیشہ کارکردگی دکھاتا ہے۔ رونالڈو بلاشبہ اپنے دور کا بہترین کھلاڑئ ہے۔' یہ الفاظ تھے سابق فرانسیسی کپتان اور فٹبال لیجینڈ زینیدین زیدان کے۔ پرتگال اور ریال میڈرڈ کے لیے کھیلنے والے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو لندن میں منعقدہ فیفا ایوارڈز میں رواں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ رونالڈو نے یہ ایوارڈ ارجنٹینا اور بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے سٹار فٹبالر اور حریف لائنل میسی کو شکست دے کر حاصل کیا۔ چاہے وہ فٹبال کے چاہنے والے ہوں یا کھیل پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین رونالڈو اور میسی کی بحث ان کے لیے کبھی پرانی نہیں ہوتی۔

مجھے یاد ہے کہ میسی اور رونالڈو سے پہلے بالکل اسی انداز میں فٹبال شائقین زینیدین زیدان اور برازیل کی طرف سے کھیلنے والے سٹار کھلاڑی رونالڈو نزاریو کا موازنہ کرتے تھے۔ شائقین فٹبال میں اوریجینل رونالڈو یا رونالڈو نائن کے نام سے جانے جانے والے نزاریو کا کریئر اپنے عروج پر تھا جب انھیں گھٹنے کی انجری اور ہائپو تھائرائڈ کی بیماری لاحق ہو گئی۔ ماہرین فٹبال آج بھی اسے ’گریٹیسٹ سپورٹنگ ٹریجیڈی‘ یعنی کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ کہہ کر یاد کرتے ہیں۔ اپنے عروج پر رونالڈو نزاریو تقریبًا ہر میچ میں تین سے چار ڈیفینڈروں کے درمیان سے گیند نکال کر لے جاتے ہوئے نظر آتے تھے۔

برازیلین رونالڈو اگر کھیل جاری رکھتے تو وہ کہاں ہوتے اور ان کا مقام کیا ہوتا یہ ایک الگ بحث ہے لیکن یہاں جو بات قابل ذکر ہے وہ یہ ہے کہ اس زمانے میں لوئس فیگو، روبرٹبو کارلوس، مروسلو کلوزے اور راؤل جیسے کھلاڑی بھی موجود تھے۔ لیکن میڈیا اور شائقین کی زیادہ توجہ زیدان اور رونالڈو پر رہتی تھی جیسا کہ آج کے دور میں یہ توجہ کرسچیانو رونالڈو اور لائنل میسی پر مرکوز رہتی ہے۔ رونالڈو نزاریو کا کیریر اپنے عروج پر تھا جب انھیں گھٹنے کی انجری اور ہائپو تھائرائڈ کی بیماری لاحق ہو گئی.

کہتے ہیں کہ تیس کا ہندسہ پار کرنے کے بعد فٹبال کھلاڑی اپنے کیریر کے آخری راؤنڈ میں داخل ہو جاتے ہیں، جہاں ان کے پاس 4 زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے عرصہ کا فٹبال رہ جاتا ہے۔ رونالڈو اس وقت بتیس کے ہیں اور میسی 30 کے۔ تو ان دونوں کھلاڑیوں کے بعد کونسے ایسے کھلاڑی ہیں جو کہ ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ حال ہی میں پیرس سینٹ جرمین کو ٹرانسفر ہونے والے 25 سالہ نیمار جونئیر کا شمار دنیا فٹبال کے بہترین ڈربلرز میں سے ہوتا ہے۔

رونالڈہینیو، روبرٹو کارلوس اور رونالڈو نزاریو کے بعد بہت عرصے بعد برازیل کی طرف سے ایک مکمل کھلاڑی سامنے آیا ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب فٹبال کا گھر لاطینی امریکہ سے تبدیل ہو کر کے یورپ ہو گیا ہے۔ نیمار نہ صرف جدید فٹبال کو سمجھتے ہیں بلکہ وہ ٹیم پلئیر بھی ہیں۔ بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے نیمار، لوئس سواریز اور لائنل میسی نے شراکت میں تین سیزنز میں تین سو سے زیادہ گول کیے ۔

دوسرے نمبر پر ہیں چھبیس سالہ فرنچ کھلاڑی انٹوان گریزمن۔ ہسپانوی کلب ایتھلیٹکو میڈریڈ کی طرف سے کھیلنے والے گریزمن گزشتہ سیزن میں گولز کی تعداد ٹیبل پر رونالڈو اور میسی کے بعد تیسرے نمبر پر تھے۔ تیسرے نمبر پر ہیں انگلش کھلاڑی ہیری کین۔ چاہے وہ مڈفیلڈ سے تھرو پاس ہو یا پھر ونگر کی طرف سے بھیجا گیا کراس، ہیری کین اسے پلک چھپکتے گول میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ ٹاٹنہم ہاٹ سپرز کی طرف سے فارورڈ کی پوزیشن پر کھیلنے والے ہیری کین کو 'ڈیڈلیئسٹ فنشرر آف دی گیم' کہا جا رہا ہے۔ انھوں نے پچھلے گیارہ میچوں میں پندرہ گول سکور کیے ہیں۔ چوتھے نمبر پر ہیں 18 سالہ کائلن ایمباپے۔ فرانس کی قومی ٹیم اور پی ایس جی کی طرف سے فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے ایمباپے نے گزشتہ سیزن میں موناکو کی طرف سے کھیلتے ہوئے پندرہ گول کیے تھے۔

غضنفر حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments