Sports

6/recent/ticker-posts

پاکستان نے میچ اور سری لنکا نے دل جیت لیے

تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چھتیس رنز سے ہرا کر تین میچوں کی اس سیریز میں تین صفر سے کلین سویپ مکمل کر لیا۔  قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے آٹھ برس بعد ستائیس ہزار پرجوش تماشایوں کے سامنے کھیل کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ دو ہزار نو میں سری لنکا کی ٹیم پر قذافی اسٹیڈیم کے باہر حملہ ہوا تھا، جس کے بعد سری لنکن کرکٹرز پہلی بار لاہور آئے ہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پندرہ ہزار سے زائد افراد میچ کی سیکورٹی پر مامور تھے۔

اس میچ کے موقع پر لاہور میں موسم کہر آلود تھا لیکن تماشائیوں کے جوش و خروش نے ماحول کو گرمائے رکھا، جو سری لنکا کھلاڑیوں کو بھی برابر داد دیتے رہے۔ اسٹڈیم میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ کئی پاکستانی تماشایوں نے سری لنکن پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ میچ دیکھنے والوں میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھلنگا سماتھی پالا اور وزیر کھیل جے سیکرا بھی موجود تھے۔
طویل عرصے بعد سری لنکا کے ریڈیو اور ٹی وی کے کامنٹیٹرز بھی پہلی بار لاہور آئے ، جن میں انیس سو چھیانوے کا عالمی کپ فائنل کور کرنے والے بندولا سمن وترنگا بھی شامل تھے۔ بندولا نے ڈی ڈبیلیو کو بتایا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے۔ سری لنکا کو اپنی کرکٹ کی سب سے بڑی خوشی اور غم لاہور میں ملے اور اب ہم واپس اس شہر میں آکر خوش ہیں۔

میچ سے پہلے لاہور میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں اگلے برس ایمرجنگ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد سری لنکن ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ اپریل دو ہزار اٹھارہ ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں ہو گا، جس میں خطے کے چھ ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ سیٹھی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان اگلے دو سے تین روز میں کر دیا جائے گا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں پاکستان کرکٹ کی مدد کرنے آئے ہیں۔ ہم کسی ملک کو تنہا کرنے کے خلاف ہیں۔ سری لنکا میں تیس برس تک خانہ جنگی رہی اور پاکستان نے وہاں اس دوران کبھی کھیلنے سے انکار نہیں کیا‘۔ انہوں نے مزید کہا دنیا کرکٹ کے لیے پاکستانی ٹیم کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ سماتھی پالا کے مطابق سری لنکا کی قومی ٹیم کے علاوہ ان کی انڈر نائیٹیں اور اے ٹیمیں بھی جلد پاکستان کو درہ کریں گی۔
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments