Sports

6/recent/ticker-posts

اے بی ڈویلیئرز بھی وسیم اکرم کی باؤلنگ کے معترف نکلے

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے وسیم اکرم کو اپنی نوعیت کا واحد باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی کرکٹ میں اب بھی وسیم اکرم کی ’سوئنگ‘ کی مہارت کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران اے بی ڈویلیئرز نے غیرملکی چینل کی جانب سے بنائی جانے والی وسیم اکرم کی باؤلنگ کی ویڈیو دیکھنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ’یہ ایک بہترین ویڈیو ہے، وسیم اکرم نہایت ہی باصلاحیت باؤلر تھے‘۔

برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کے دوران جب ڈویلیئرز سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کا نہیں خیال کہ پاکستان کے موجودہ اسکواڈ میں کوئی بھی کھلاڑی وسیم اکرم جیسا ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'دنیائے کرکٹ میں اس وقت وسیم اکرم جیسا کوئی کھلاڑی نہیں ہے'۔ ان کا کہنا تھا ’میں نے آج تک وسیم اکرم جیسا باؤلر نہیں دیکھا، وہ اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا حصہ ہیں اور ایونٹ کے دوران ان سے ملاقات اور بات چیت ہوتی رہتی ہے‘۔

جنوبی افریقی کپتان نے وسیم اکرم کی باؤلنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'جب وہ باؤلنگ کراتے اور اس دوران جو وہ سوچ رہے ہوتے تھے، بہت ہی عمدہ ہے'۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وسیم اکرم نے اپنے تمام تجربات نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں بلکہ آئی پی ایل میں بھی کئی کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کیے، وہ ایک ایسے باؤلر ہیں جو باؤلنگ کی مہارت کے ساتھ پیدا ہوئے تھے۔ جنوبی افریقی کپتان کے ٹوئٹ کے بعد سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنی جوابی ٹوئٹ میں کہا ’میری خوش قسمتی ہے کہ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف میچ نہیں کھیلا ورنہ تم مجھے عزت دینے کے بجائے رنز دے دیتے‘۔ اے بی ڈویلیئرز کے مطابق اب تک کرکٹ میں انہیں کسی باؤلر نے اتنا متاثر نہیں کیا جتنا وسیم اکرم نے متاثر کیا۔
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments