Sports

6/recent/ticker-posts

پاکستان میں بننے والی فٹبال خلاء میں پہنچ گئی

پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ورلڈ کپ کے لیے بنایا گیا ایک فٹ بال اس وقت بین القوامی خلائی سٹیشن پر موجود ہے اور حال ہی میں روسی خلا نورد اینٹن شکیپلیرو اور اولیگ آرٹیم ییو نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں فٹ بال کھیلا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق اس پاکستانی ساخت کے فٹ بال کو روسی خلانورد شکیپلیرو مارچ میں خلائی شٹل کے ذریعے بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر لے گئے۔ یہ فٹ بال دو دن کی مسافت کے بعد انٹرنیشنل خلائی سٹیشن پہنچا۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ یہی فٹ بال متوقع طور پر فیفا ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں استعمال ہو گا۔ روسی خلانورد اسے لیکر ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے قبل واپس پہنچ جائیں گے۔ ورلڈ کپ اس ماہ کی 14 تاریخ سے ماسکو میں شروع ہو رہا ہے۔

اس ویڈیو میں دونوں روسی خلانورد اس فٹ بال کو زیرو گریویٹی میں کک مار رہے ہیں اور ایک دوسرے کی جانب اچھال رہے ہیں۔ تاہم وہاں کشش ثقل نہ ہونے کے باعث فٹ بال ہوا میں ہی گھومتی رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ روس میں فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر ہیں اور روسی حکام نے اس میگا ایونٹ کی تشہیر کیلئے بین الاقوامی سپیس سٹیشن کو استعمال کیا ہے۔ ہر مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کیلئے ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال تیار کرائے جاتے ہیں۔ سالہا سال تک یہ فٹ بال پاکستان میں ہاتھ سے تیار کئے جاتے رہے ہیں۔ 

ہاتھ سے بنے ہوئے یہ پاکستانی فٹ بال 1990 کی دہائی سے 2010 تک ہونے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں استعمال کئے جاتے رہے۔ تاہم 2014 میں پہلی مرتبہ فٹ بال کے آفیشل سپلائر Adidas نے فٹ بال کی ساخت تبدیل کر دی اور تھرما بانڈڈ کی نئی ٹکنالوجی کے ذریعے فٹ بال کی تیاری کو ترجیح دی گئی جس میں ہاتھ سے سلائی کے بجائے فٹ بال کے پینلز کو ہیٹ کے ذریعے جوڑا جاتا ہے۔ اُس وقت یہ ٹکنالوجی پاکستان کے پاس موجود نہیں تھی۔ تاہم پاکستان میں فٹ بال تیار کرنے والی کمپنی نے یہ ٹکنالوجی بھی حاصل کر لی اور پھر فیفا ورلڈ کپ کیلئے اڈیڈاس نے دوبارہ پاکستان سے فٹ بال حاصل کرنے شروع کر دیے۔

پاکستان سپورٹس گڈز ایسو سئیشن کے صدر حسنین چیمہ کا کہنا ہے کہ اس سال پاکستان ایک کروڑ کے لگ بھگ فٹ بال برآمد کرے گا۔ یہاں یہ بات دلچسپ ہے کہ دنیا میں پاکستانی فٹ بال ٹیم کی رینکنگ 198 ہے اور وہ اس ورلڈ کپ میں نہیں کھیل رہی۔ تاہم پاکستانی شائقین کیلئے یہ بات فخر کا باعث ہے کہ پاکستانی ساخت کے فٹ بال کے استعمال کے ذریعے ورلڈ کپ میں کسی نہ کسی طور پاکستان کی نمائندگی موجود ہو گی۔

شبّیر جیلانی
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments